پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے صادق سنجرانی کا چیئرمین سینیٹ کا الیکشن پھر چیلنج کر دیا۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈریوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ انتخاب سے متعلق ہائی کورٹ کے عدالتی فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے اپیل میں موقف اپنایا کہ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹا کر مجھے کامیاب چئیرمین سینیٹ قرار دیا جائے، سات ووٹ مسترد کرنے کے پریزائیڈنگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کو عددی برتری حاصل ہے لیکن اس کے باوجود 12 مارچ کو اپوزیشن چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات ہار گئی تھی۔ چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد کردیئے گئے تھے، جس پر یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صادق سنجرانی کے بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ آرٹیکل 69 کےتحت عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی، چیئرمین سینیٹ الیکشن سینیٹ کا اندرونی معاملہ ہی ہے، الیکشن کا ساراعمل ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

فیصلے میں کہاگیا کہ عدالت توقع رکھتی ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور پارلیمنٹ کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ہی حل کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here