لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نیب کی درخواست مضحکہ خیز ہے، بیانات جانچنے کا اختیار نیب کو کیسے مل گیا، جلسے کامیاب ہوں یا لانگ مارچ کی بات، فوری گرفتار کرنے پر آجاتے ہیں، دھمکیوں اور گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں، جعلی حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے ہائیکورٹ میں میری ضمانت کیخلاف درخواست دی، لاہور ہائیکورٹ میں نیب کی درخواست مضحکہ خیز ہے، ہائیکورٹ میں کہا گیا میں بیانات دے رہی ہوں اس لیے ضمانت مسترد کی جائے، بیانات جانچنے کا اختیارنیب کو کیسے مل گیا ؟ نیب کا کام کرپشن پکڑنا ہے جس میں بری طرح ناکام ہوا، 2 بار جیل کاٹ چکی ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب نے ہائیکورٹ میں جھوٹ بولا کہ تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہی، نیب نے جب بھی بلایا میں گئی، مجھ پر حملہ اور پتھراؤ کیا گیا، نیب آفس کے باہر کھڑی رہی انہوں نے دروازے نہیں کھولے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان زندہ باد ہے، زندہ باد رہے گا، جاوید لطیف محب وطن پاکستانی ہیں، ان کی حب الوطنی میں کسی قسم کا کوئی شک نہیں، اس طرح انتقامی کارروائیاں کی گئیں تو ن لیگ خاموش نہیں رہے گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کورونا حکومتی جلسوں میں نہیں، صرف اپوزیشن کے جلسوں میں آتا ہے، جب حکومت مشکل میں ہو تو کورونا آتا ہے، نیب کو تکلیف ہے کہ میں آٹا، چینی چور کو چور کیوں کہتی ہوں، حکومت کا مجھے باہر بھیجنے کاخواب پورا نہیں ہوگا، عمران خان کو گھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جاؤں گی۔