کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مچھ واقعے کے خلاف شام کو کامران چورنگی، نارتھ کراچی کے علاقے پاور ہاوس، نمائش اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دھرنے دیے گئے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
دھرنوں کے سبب سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، دفتر سے گھر جانے والے شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ متعدد گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا، ٹریفک پولیس کے افسران و جواں سڑکوں پر ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کرتے رہے اور شہریوں کو متبادل راستے بتاتے رہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ پاور ہاوس پر ہونے والے دھرنے کی وجہ سے متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے شہری گلیوں میں پھنس گئے 2 سے 3 گھنٹے بعد گلیوں سے نکال کر ان کو منزل مقصود تک کا راستہ بتایا گیا، نمائش پر دھرنے کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ سی بریز سے گرومندر جانے اور آنے والی سڑک کو بند کردیا گیا، ریڈیو پاکستان سے گرومندر جانے والی ٹریفک کو سی بریز پلازا سے صدر اور نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اس طرح ضلع سینٹرل سے ٹاور جانے والی ٹریفک کو گرومندر سے نیو ایم اے جناح روڈ سے ہوتے ہوئے انھیں نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا جبکہ کامران چورنگی احتجاج کے بعد بند کردی گئی، موسمیات سے چھوٹی گاڑیوں کو کامران چورنگی کی طرف جانے کی اجازت ہے جبکہ بڑی گاڑیوں کا داخلہ منع ہے، منور چورنگی سے کامران چورنگی جانے والی ٹریفک کو پہلوان گوٹھ کی طرف موڑ دیا گیا۔