مانیٹرنگ ڈیسک
لاہور: پنجاب میں مقابلے کے امتحان کے نتائج کے حوالے سے آنے والی رپورٹ پنجاب کے حوالے سے ایک نیا رخ سامنے لے آئی ہے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی مرتب کی ہوئی رپورٹ کے مطابق مقابلے کے امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں میں سے 84 فیصد انگلش، 73 فیصد جنرل نالیج اور 50 فیصد مطالع پاکستان کے مضامین میں فیل ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کی وجہ سے صوبہ پنجاب کے مختلف محکموں میں اہل امیدواروں کے نہ ملنے سے سیکڑوں اسامیاں خالی رہ جاتی ہیں۔ رواں سال صوبائی حکومت میں مختلف محکموں میں نو ہزار 406 اسامیاں خالی تھیں، جن کیلئے 4 لاکھ 82 ہزار 542 امیدواروں نے حصہ لیا۔ جن میں سے 19 ہزار678 امیدواروں کو انٹرویوز کیلئے بلانے کے قابل سمجھا گیا۔ ان میں سے فقط 16 ہزار924 امیدواروں نے انٹرویوز دیئے۔
لیکن ان میں سے بھی ایک ہزار 452 اسامیوں کیلئے اہل امیدوار نہیں مل سکے۔ وہ امیدوار امتحان پاس نہیں کرپائے، اور وہ سامیاں خالی رہ گئیں۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال 17 گریڈ کی 84 اسامیوں کیلئے 13 ہزار 236 امیدوار آئے۔ جن میں سے پانچ ہزار 414 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے لیکن فقط 138 امیدوار تحریری امتحان پاس کر سکے۔ ان میں سے 136 کو زبانی امتحان کیلئے طلب کیا گیا جن میں سے فقط 59 کامیاب قراردیئے گئے۔ لیکن مطلوبہ تعداد میں امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے 25 اسامیاں پھر بھی خالی رہ گئیں۔