لاہور: بلاول بھٹو نے کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپوزیشن لیڈر سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، دونوں رہماؤں میں لانگ مارچ اور استعفوں کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل پہنچا۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور قمر الزمان کائرہ وفد میں شامل ہیں۔ جیل حکام نے بلاول اور ان کے وفد کے علاوہ دیگر کارکنوں کو جیل کے اندر جانے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے فیصلوں پر گفتگو کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری استعفوں کے معاملے پر شہباز شریف سے ان کی رائے بھی دریافت کریں گے۔ شہباز شریف اور آصف علی زرداری مفاہمتی پالیسی کے ہم خیال ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو شہباز شریف کو سابق صدر آصف زرداری کا پیغام بھی دیں گے۔