مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملتان میں ہر قیمت پر جلسہ ہوگا، حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو پورے شہر میں عوام سڑکوں پر ہوں گے، حکمران بد ترین انتقام پر اتر آئے ہیں، جلسے میں عوام نہیں آرہے تو گرفتاریاں کیوں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ حکمران اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حکمرانوں کو کوئی شرم و حیا نہیں۔
ملتان میں ہمارے یوسی چیئرمین اور کونسلرز کو گرفتار کیا گیا، ملتان میں جلسہ گاہ کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، حکومت انتقامی کارروائی کی سیاست کر رہی ہے، مریم نواز طے شدہ شیڈول کے مطابق ملتان پہنچیں گی، کورونا کے باوجود عوام اپوزیشن تحریک کیساتھ چلنے کو تیار ہیں، عوام کورونا حکومت کیخلاف پی ڈی ایم تحریک کا ساتھ دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ اگر ملتان میں کسی لیڈر کو مسئلہ پیدا ہوا تو ایف آئی آر عمران خان کے خلاف درج کروائیں گے، ن لیگ بھرپور ساتھ دے گی-
شیخ رشید کے بیان کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا کھانا گھر سے آتا تھا تو کیا جو کھانا بچ جاتا تھا اسے رکھنے کے لئے فریج ان کے والد نے رکھوایا ہوا تھا- مجھے یاد ہے چھیدا ٹلی پریس کانفرنس کررہا تھا تو صحافی کے سوال پر کہا ہاں مریم نواز سے موبائل ملا تھا یہ گیٹ نمبر چار کا ایجنٹ ہے-
انہوں نے کہا کہ ساری قیادت کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ہماری سیاسی معاشرتی روایات کو روندا جارہا ہے۔