پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان نے صوبے کے 10 اضلاع میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال دے دی۔
اس حوالے سے صدر پی پی پی گلگلت بلتستان امجد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عوام اور جیالے اپنے اپنے ضلع میں پرامن احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور گنڈاپور کی دھاندلی کے خلاف احتجاج ہمارا آئینی حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج دن بارہ بجے سے شام چار بجے تک گلگت بلتستان کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں پرامن احتجاج ہوگا۔
صدر پی پی پی گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی پی پی کا مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہمارا آئینی حق ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کی احتجاجی کال کے پیش نظر گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے تمام تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں سرکاری دفاتر کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ صوبائی ہیڈ کوارٹر گلگت میں سرکاری اور نجی عمارات اور بازاروں کے چوک چوراہوں میں پولیس کی اضافی نفری کر دی ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر آفس جانے والے تمام راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔