اسلام آباد: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جوباہر بیٹھ کرملک دشمن بیانیہ دے اس کی بات پرکون یقین کرے گا اور(ن) لیگ نے اداروں سے ٹکرا کراپنی سیاست کو دفن کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زندگی میں پہلی بارشفاف الیکشن دیکھا، اس سے جمہوریت کی جیت ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی اس ماہ کے آخرمیں گلگت بلتستان میں دوتہائی اکثریت ہوگی، چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان نے کہا جوحلقہ کھولنا چاہیں کھولیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ (ن) لیگ نے اداروں سے ٹکرا کراپنی سیاست کودفن کیا ہے، جوباہربیٹھ کرملک دشمن بیانیہ دے اس کی بات کا کون یقین کرے گا، کبھی کہتے ہیں سارا کام دوسروں نے خراب کیا ہے، کبھی کہتے ہیں دوسروں سے بات کریں گے، اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے، کیا اسٹیبلشمنٹ آسمان سے اتری ہے وہ بھی انہی کی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کل سے کراچی سرکلرریلوے چلانے جارہے ہیں، 15 کوچزکا کراچی سٹی اسٹیشن سے افتتاح ہوگا، 14 کلومیٹر نیا ٹریک بحال کیا ہے اس کو بہترکیا جائے گا، 42 کلومیٹر تک دو پھیرے لگائے جائیں گے، یہ 8 پھیرے لگا سکیں گی اور48 کلومیٹر پرسندھ حکومت پل اورکراسنگ بنائے گی اوراگلے مرحلے میں اورنگی سے سٹی اسٹیشن تک ٹرین چلائی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ شبر زیدی پرجھوٹ پرمبنی الزام لگایا گیا، مولانا فضل الرحمان سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ الزام سے پہلے تحقیق کریں۔