پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان سختی سے مسترد کرتے ہوئے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور بےبنیاد قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی گلگت بلتستان کے معاملے پر مداخلت کا کوئی جواز نہیں۔ عبوری اصلاحات، گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق مودی حکومت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے کر عالمی فرائض پورے کرے۔ بھارت 73 سال سے آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر غیر قانونی قابض ہے۔
ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ جھوٹے بھارتی دعوے حقائق کو تبدیل کرسکتے ہیں اور نہ ہی ایسے بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم سے عالمی توجہ ہٹائی جا سکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔