اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں مڈل اسکول کھل گئے اور تقریبا 7 ماہ بعد تدریسی عمل بحال ہوگیا تاہم سندھ میں اسکول بدستور بند ہیں۔
ملک میں دوسرے مرحلے کے تحت چھٹی سے آٹھویں جماعت تک بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ اس حوالے سے اسکول انتظامیہ اور محکمہ تعلیم نے ایس او پیز کے تحت انتظامات مکمل کئے ہیں۔
بچوں کے لئے ماسک پہننا اور کلاس میں سماجی فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گنجائش کے حساب سے ایک کلاس میں 30 سے زائد بچوں کے بیٹھنے کی اجازت نہیں۔ زیادہ طلبہ والی کلاسز میں بچوں کو دو گروپس میں تقسیم کرکے متبادل دنوں میں بلایا جا رہا ہے۔
اساتذہ روزانہ کی بنیاد پر بچوں کو کلاس میں کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ بچوں کو اسکولوں میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے منع کیا گیا ہے اور بار بار ہاتھ دھونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں میں جا کر ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔