پاکستان ٹی ٹو ئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں سینئرز کی موجودگی ضروری ہے، پریشر کی صورتحال میں سینئرز کا تجربہ ہی ٹیم کو کم بیک میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مانچسٹر میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی کے بعد آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کے کامبی نیشن کے ساتھ چلنا ضروری ہے کیوں کہ ٹف ٹائم آتا ہے تو اس سے نکالنے کے لیے سینئرز کا تجربہ ہی کام آتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ آپ یکدم سینئرز کو باہر نہیں کرسکتے کیوں کہ پریشر میں ان کی موجودگی کافی ضروری ہوتی ہے، میں نے ہمیشہ اپنے سینئرز سے سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ کے دوران بھی وہ سینئرز سے مشورے کرتے ہیں لیکن فیصلے سارے ان کے اپنے ہوتے ہیں، یہ تاثر درست نہیں کہ وہ کسی اور کے فیصلوں پر چلتے۔