کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں نالوں پر پیٹرول پمپ، دوکانیں اور دیگر تجاوزات قائم کرنے والے تمام افراد کے نام بارشیں رکنے کے بعد 15 دن کے اندر پبلک کیے جائیں گے ۔
انہوں نے بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نالوں پر تجاوزات قائم کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی لیکن اب بہت ہوگیا اب یہ سب کچھ نہیں چلے گا اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد سے کراچی پہنچا ہوں اور پی اے ایف بیس سے شاہراہ فیصل سے گزرتے ہوئے وزیراعلی ہائوس پہنچا۔ پی اے ایف بیس جہاں گزشتہ روز سے لے کر آج تک سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے مگر مجھے راستے میں کہیں پر بھی پانی جمع یا کھڑا نظر نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت عوام کے ووٹوں سے آئی ہے اور سندھ کی عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی ہمیشہ سندھ کے عوام کی خدمت کی ہے بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی تھی اور سندھ حکومت بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار تھی اور اس وقت پورے سندھ صوبے میں ہمارے وزرا سڑکوں پر موجود ہیں اور صورتحال کی مانیٹرنگ کررہے ہیں ۔