محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں بحیرہ عرب میں موجود ہے اور 11 سے 12 گھنٹوں کے دوران تھنڈرسیلز بن سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بادل برسنے سے پہلے 50 سے 60کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز، کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں 30 سے 40ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
کراچی شہر میں سب سے زیادہ بارش صدر میں43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ پی اے ایف بیس فیصل میں 26 ملی میٹر، ناظم آباد میں 22 ملی میٹر ، جناح ٹرمینل پر 8.8 ملی میٹر، پی اےایف بیس مسرور میں 12ملی میٹر، لانڈھی میں 3.1 ملی میٹر اور سرجانی میں 1اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔