اسٹاف رپورٹر
لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سیلاب متاثرین کو گھر کی زمین کے مالکانہ حقوق دینے کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع لاڑکانہ کے 5 ہزار بے گھر متاثرین میں مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کر دی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ وہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل اور ملک کو مشکلات سے باہر نکالیں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے ضلع لاڑکانہ کے سیلاب متاثر گاوَں وِکیو سانگی میں منعقد تقسیمِ مالکانہ حقوق اسناد تقریب میں شرکت کی اور وہاں بے گھر سیلاب متاثرین کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں کا جائزہ بھی لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو ان کے ازسرِ نو گھر بنانے کے لیے مالی امداد کر رہی ہے اور اب ایسے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جو سیلاب کی صورت میں بڑی حد تک محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کے مالکانہ حقوق ایک مالی اثاثہ ہے، جو ہر بے گھر سیلاب متاثر خاندان کی خاتون کو دیے جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری سے سیکھا ہے کہ جب خواتین کو معاشی طور مضبوط کیا جاتا ہے، تو اس سے پورا خاندان مضبوط ہوتا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے قدرتی آفت کو ایک موقعے میں تبدیل کردیا ہے، اب صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دیئے جا رہے ہیں۔
پورے صوبے میں متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھروں کی تعمیر میں وقت تو ضرور لگے گا، لیکن یہ ایک انقلاب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو لاڑکانہ کے سیلاب متاثرین کی تکالیف کا اندازہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور غربت بڑھتی جارہی ہے۔ مسائل کا حل عام آدمی کی مدد کرنے سے ہی نکلے گا، اور وہ دن دور نہیں جب ہم پاکستان کو معاشی طور پرمضبوط بنائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ غریب اور عوام دوست منصوبے لے کر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن دور نہیں ہے، اور آئندہ عام انتخابات جیت کر اسی قسم کے منصوبے پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں میں نظریاتی فرق ہے۔ دیگر جماعتوں سمجھتی ہیں کہ امیر کو امیر تر بنانے سے ملک کا فائدہ ہوتا ہے، لیکن ہماری جماعت کی سوچ ہے کہ غریب شہریوں پر پیسہ لگانے سے معیشت مضبوط ہوتی ہے۔ امیر لوگ تو ملنے ولا پیسہ اپنے بینک اکاؤنٹ میں ڈال کر بھول جاتے ہیں، لیکن غریب شہری ملنے ولا پیسہ اپنے بچے اور خاندان پر خرچ کریں گے، اور یوں یہ پیسہ پوری معیشت میں پھیلتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم اپنی حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے صوبے بھر کے سیلاب متاثرین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دینے کے منصوبے کو مکمل کریں گے۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھڑو، صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ، ایم پی اے سہیل انور سیال اور دیگر ارکانِ اسمبلی، پارٹی رہنما اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔ دریں اثناء، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گاوَں وکیو سانگی میں سیلاب متاثرین کے لئے تعمیر ہونے والے گھروں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کے لئے سندھ پیپلزہاؤسنگ اور ایس آر ایس او کی کاوشوں کو سراہا۔