امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ہل کے باہر حملہ آور نے گاڑی پولیس افسران پر چڑھا دی۔ حملے میں پولیس افسر اور حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی چیک پوائنٹ سے ٹکرانے کے واقعے میں پولیس اہلکار اور مشتبہ حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
کیپیٹل پولیس ے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور گاڑی ٹکرانے کے بعد ہاتھ میں خنجر لے کر پولیس آفیسرز کی طرف دوڑا اور اس نے ایک آفیسر پر خنجر سے وار کیا۔ جس کے بعد حملہ آور کو پولیس کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کا کہا گیا، تاہم وہ ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے دیگر اہل کاروں کی جانب لپکا تو پولیس کی طرف سے فائرنگ کی گئی، جس سے حملہ آور زخمی ہوگیا۔
پولیس کی جانب سے فوری طور پر زخمی حملہ آور کو اسپتال پہنچایا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
محکمہ پولیس کی جانب سے ہلاک افسر کی شناخت ظاہر کردی گئی ہے۔ پولیس آفیسر کا ولئیم بلی ایونز ہے۔ وہ 18سال سے امریکی کیپیٹل پولیس کے فرسٹ ریسپونڈر یونٹ کا حصہ تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال اسے دہشت گردی سے نہیں جوڑ سکتے ہیں۔ حملہ آور کے مقاصد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
واقعہ کیپیٹل ہل کے باہر کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر امریکی سینیٹ کی عمارت کی جانب سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق، واشنگٹن کی میٹرو پولیٹین پولیس کا محکمہ ایف بی آئی کے واشنگٹن فیلڈ آفس کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔