اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہےکہ کوئی پسندیدہ نہیں اور  جہانگیر ترین کےخلاف کیس قانون کے مطابق چلے گا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی کی قیمتیں گزشتہ ادوار میں بھی بڑھیں اور ایف آئی اے نے کچھ دن پہلے سٹہ مافیا کے خلاف کام شروع کیا، لاہور میں سٹہ مافیاکےلیجرکےفارنزک سے معلوم ہوا کہ سٹہ مافیا کام کیسے کرتاہے، سٹہ مافیا واٹس ایپ پرچینی کے دام طے کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی چینی کے ذمے دار ناجائز منافع خور ہیں، منی لانڈرنگ اور سٹہ مافیا چینی مہنگی کرنے میں ملوث ہیں، اپریل میں چینی کے نرخ ابھی سے طے کرائے جارہے تھے، سٹے بازوں سے حاصل معلومات میں کئی نام سامنے آئے، لاہور اور کراچی میں ایف آئی اے نے سٹے بازوں کے خلاف کارروائی کی۔

مشیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم سب ان آٹھ دس لوگوں کے یرغمال ہیں جن کےخلاف کارروائی ضروری ہے، سبسڈی لینا ہو تو ایکس مل پرائس راتوں رات طے کرلی جاتی ہے، عوام کو چینی کتنےکی بیچنی ہے اس کی راہ میں رکاوٹ کی جاتی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں سٹہ مافیا رمضان میں چینی کے دام بہت زیادہ کرنے جا رہے تھے، رمضان کے لیے چینی کی فروری، مارچ کی قیمت سے 20 سے 25 فیصداضافہ کیا جارہا تھا لیکن حکومت کوشش کررہی ہے رمضان میں قیمتوں کو قابو میں رکھاجاسکے اس کے لیے وفاق اور صوبوں کا ہم آہنگی سےکام کرناضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  کوئی پسندیدہ نہیں، جہانگیر ترین کےخلاف کیس قانون کے مطابق چلے گا، حکومت نےشوگرانکوائری کمیشن کی رپورٹ پرمختلف ایکشن کیے ہیں اور تمام چیلنجز کا مکمل دفاع کیا، عدالت نے بھی ہمیں کارروائی کرنے کی اجازت دی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here