hamad azhar

 حماد اظہر نے وفاقی وزیر خزانہ کا چارج سنبھال لیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے انھیں عبدالحفیظ شیخ کی جگہ اس اہم عہدے کیلئے مقرر کیا تھا۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ پہنچے اور ان کیساتھ خصوصی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے حماد اظہر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ملکی معیشت اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

دوسری جانب وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ شبلی فراز پٹرولیم، فواد چودھری کو اطلاعات کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔  یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹایا گیا جبکہ قلمدان حماد اظہر کو تفویض کیا گیا تھا۔ 11 دسمبر 2020ء کو وزیراعظم نے بھی وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کچھ وزرا کے قلمدانوں میں ردو بدل کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ میں رواں برس اپریل میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر اقتصادی امور، حماد اظہر کو اقتصادی امور کی جگہ وزارت صنعت جبکہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو وزارت غذائی تحفظ دی گئی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here