hafeez

 وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ان کی جگہ حماد اظہر لیں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ قلمدان حماد اظہر کو تفویض کر دیا گیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کو ہٹانے کی بڑی وجہ مہنگائی ہے، ان کے مستقبل کا کوئی علم نہیں۔ غریب عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، کل تک چیزیں فائنل ہو جائیں گی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں شبلی فراز، معید یوسف، زلفی بخاری، ملک امین اسلم اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں عالمی سطح پر ملکی بیانیہ مضبوط بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

خیال رہے کہ عندیہ دیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں تبدیلیاں کریں گے۔ وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر کابینہ میں ردوبدل کریں گے۔ بعض وزرا کو دوبارہ قلمدان سونپے جائیں گے۔ کابینہ میں تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر فیصل واوڈا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عثمان ڈار کی کابینہ میں واپسی ہوگی جبکہ مشیروں میں رد و بدل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی کابینہ میں اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو بھی نمائندگی دینے پر مشاورت کی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here