لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو مریم نواز کی گرفتاری سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو نیب کے روبرو پیش ہو کر نیب نوٹسز کا جواب دینے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی طرف سے ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز پیش ہوئے۔
واضح رہےکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے نیب کے نوٹسز کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی ۔
درخواست گزار مریم نوازکا کہنا تھا کہ نیب نے دو انکوائریز میں 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔حکومت کے دباؤ پر نیب کاررواہی کر رہا ہے ۔
مریم نواز نے کہاکہ نیب حکومت کے اشارے پر سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کر رہا ہے، عمران خان حکومت کو بچانے کیلئے نیب درخواست گزار کو 26 مارچ کو گرفتار کر سکتا ہے۔
مریم نواز نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے 15 سو کنال اراضی سے متعلق انکوائری شروع کر رکھی ہے، انکوائری میں شاملِ تفتیش ہونا چاہتی ہوں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔
مریم نواز نے استدعا کی ہےکہ لاہور ہائیکورٹ درخواست گزار کی عبوری ضمانت منظور کرے۔