پاکستان میں آج شب معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
شب معراج ہر سال 27 رجب المرجب کو حضور اکرم ﷺ کے ﷲ رب العزت سے ملاقات کیلئے خصوصی سفر پر جانے کی مناسبت سے منائی جاتی ہے۔
شب معراج کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد اوراہم عمارتوں پر چراغاں کیا جاتا ہے، جب کہ اس بابرکت رات میں خصوصی محافل اور اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں، جس میں علمائے اکرام اور مقررین واقعہ معراج شریف پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہیں۔
واضح رہے کہ سفر معراج پر آپ ﷺ کو رات کے وقت مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سیر کرائی گئی۔ امام الانبیاء کا تاج پہنایا اور پھر عالم بالا کی سیر کا شرف بخشا گیا۔ آپ براق پر سوارہو کر پہلے مسجد حرام سے مسجد اقصی پہنچے، جہاں تمام انبیاء اور ملائکہ نے آپ کا استقبال کیا۔
بعد ازاں آپ کی امامت میں نماز ادا کی گئی، جس کے بعد آپ جبرائیل امین کی معیت میں زمین سے آسمان کی طرف سیر کو روانہ ہوئے۔ اسی موقع پر اللہ تعالی نے آپ کی امت پر 5 وقت نماز کی فرضیت کا حکم دیا۔