اسلام آباد: وزیر خارجہ امور مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور خاص طور پر سی پیک کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔ایک پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات اتوار کو چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی اور دیگر سینئر افسران اور ماہرین بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے توانائی ، زراعت ، صحت ، تعلیم اور تعمیراتی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت کورونا وائرس وباءکے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایک جامع حکمت عملی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور ٹریڈ ڈپلومیسی کے تحت سفاتخانوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب منافع بخش کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کی پیداوار پر توجہ دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور سماجی و معاشی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز اور ترجیحی زونز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور فیڈمک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بھی ان مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے پورے خطے خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ ہے اور امریکہ سمیت کسی بھی ملک پر سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صرف اس ایک منصوبے میں 400 کے قریب صنعتیں قائم ہوںگی اور تقریباً اڑھائی لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہو گا۔ اس منصوبے میں 450 ارب روپے کی غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری ہوگی اور یہاں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک اپنے صارفین کو بہترین اور جدید ترین سہولیات اور خدمات فراہم کر رہی ہے اور ان کو درپیش مسائل ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم تھری منصوبے کی تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ خصوصی مراعات اور دس سال کیلئے ٹیکس سے چھوٹ کے بے مثال پیکیج کی وجہ سے بہت سے یورپی ممالک پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کاروباری آسانیوں اور ایک ہی چھت تلے بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور خدمات فراہم کررہی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here