اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز کر سکتے ہیں اور نہ ہی ترمیم کر سکتے ہیں لہذا ہمیں کام کرنے دیں اور اداروں پر کیچڑ نہ اچھالیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر خصوصی اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سینٹ کے الیکشن آئین اور قانون کے مطابق کروانے پر ہم خداوند تعالی کے شکر گذار ہیں کہ وہ خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ الیکشن رزلٹ کے بعد میڈیا کی وساطت سے جو خیالات ہمارے مشاہدے میں آئے ان کو سن کر دکھ ہوا، خصوصی طورر پر وفاقی کابینہ کے چند ارکان اور بلخصوص جناب وزیر اعظم پاکستان نے جو کل اپنے خطاب میں فرمایا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے، اس کو ہی دیکھنا ہے کہ آئین اور قانون اس کو کیا اجازت دیتا ہے اور وہی اس کا ’معیا ر‘ ہے، ہم کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز کر سکتے ہیں اور نہ ہی ترمیم کر سکتے ہیں۔ اگر کسی کو الیکشن کمیشن کے احکامات فیصلوں پر اعتراض ہے تو وہ آئینی راستہ اختیار کریں اور ہمیں آزادانہ طور پر کام کرنے دیں، ہم کسی بھی دباؤ میں نہ آئے ہیں اور نہ ہی انشااللہ آئیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہم سے کسی بھی وفود نے ملنا چاہا، ہم نے ان کا مؤقف سنا، ان کی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا مگر الیکشن کمیشن صرف آئین وقانون کی روشنی میں ہی اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے اور آزادانہ طور پر بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرتا ہے تاکہ پاکستانی عوام میں جمہوریت کو فروغ ملے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹرول میں ایک ہی عملہ کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نامنظور جو جیت گئے وہ منظور، کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ جب کہ باقی تمام صوبوں کے رزلٹ قبول، جس رزلٹ پر تبصرہ اور ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے الیکشن کمیشن اس کو مسترد کرتا ہے۔