سکھر: ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ ہمارا ادارہ کورونا کےخلاف جنگ میں ہروقت کام کرنے کے لیے تیار ہے، حکومت کو بھی جو مدد چاہیے ہم دینے کو تیار ہیں۔ سکھر میں ایدھی سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایدھی فاونڈیشن پورے ملک میں فلاحی کام کررہی ہے اور چاہے حالات کیسے بھی ہوں وہ فلاحی کام جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی کرونا کی موجودہ صورتحال میں ہمارے رضاکار اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر فلاحی کام سر انجام دے رہے ہیں کیونکہ ہمارے ادارے کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور وہ ہم کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مشکلات پیش آئی ہیں لیکن حکومت کے ساتھ مل کر خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے ٹیسٹ سو فیصدی درست نہیں آتے اس لیے چودہ روز قرنطینہ کے بعد بھی مریض کو خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ پوری دنیا میں ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے باوجود احتیاط کی جاتی ہے، مجھ میں کرونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو میں نے ٹیسٹ کرایا ،میری لوگوں سے بھی اپیل ہوگی کہ وہ احتیاط برتیں سماجی فاصلے رکھیں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اپنا ٹیسٹ ضرور کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ نہ کرے کہ پاکستان میں اٹلی یا اسپین جیسے حالات پیدا ہوں مگر ہم نے اپنے طور پر احتیاط کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دینا ہے۔