کورونا کو سنجیدہ نہ لینے والے اپنے اور دوسروں کے بھی دشمن بن رہے ہیں
لاھور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کورونا سے بچائو کیلئے تجاویز ہیں تو ضرور دیں سیاست کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ کورونا صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ کورونا کو سنجیدہ نہ لینے والے اپنے اور دوسروں کے بھی دشمن بن رہے ہیں خدا کیلئے عوام کورونا سے بچائو کیلئے ایس او پیزپر مکمل عملددر آمد کریں۔ مخیر حضرات کورونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے غر یب خاندانوں کی امداد کیلئے مزید آگے بڑھ کر کام کر یں اور مشکل کی اس گھڑی میں غریب خاندانوں کیساتھ کھڑے ہوں۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں چائلڈ پروٹیکیشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد اور اللہ والے ٹرسٹ کے سربراہ شاہد لون، مظہر جیلانی اور تحر یک انصاف کے راہنما انعام الحق سمیت دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کورونا بحرا ن کی وجہ سے پاکستان میں صحت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں جن سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم غر یب خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کورونا بحران کے پہلے دن سے ہی حکومتی اداروں کو کسی قسم کی تجاویز دینے کی بجائے صرف اور صرف سیاست کر رہی ہے حالانکہ اپوزیشن کے پاس مشکل کی اس گھڑی میں سیاست کر نے کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ تمام تر مشکل حالات کے باوجود حکومت کورونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے غر یب خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے اور ہم پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کیساتھ ملکر ابتک 7لاکھ 50ہزار سے زائد غر یب خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور انشااللہ ہم کسی غر یب خاندان کو بھوکا نہیں رہنے دیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سارہ احمد سے گفتگو کے دوران چائلڈ پر وٹیکیشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں انکی تعلیم و تر بیت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔