اسٹاف رپورٹ
کراچی: پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق زاہدہ بلوچ نامی ائر ہوسٹس پی کے797 پر تعینات تھی۔
۲۹جنوری کو کراچی سے ٹورنٹو پہنچنے والی خاتون 15 رکنی کیبن کریو میں شامل تھیں، جن کے مبینہ لاپتہ ہونے کا علم 31 جنوری کو پرواز نمبر پی کے 784 کی وطن واپسی کے وقت ہوا۔
خاتون فضائی میزبان کی مبینہ گمشدگی کے بارے میں ٹورنٹو، پی آئی اے حکام، ایئرپورٹ اور امیگریشن حکام کو مطلع کر دیا۔
قبل ازیں جنوری کے مہینے میں ہی پرواز نمبر 798 پر تعینات رمضان گل نامی فلا ئٹ اسٹیورڈ اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچنے پر لاپتہ ہو گیا تھا، چند ہفتوں کے دوران پی آئی اے کی ٹورنٹو پروازوں پر تعینات یہ تیسرا فضائی میزبان مبینہ لا پتہ ہوا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اس حوالے سے کینیڈا حکام کو اطلاعات فراہم کی گئی ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ زاہدہ بلوچ نامی فضائی میزبان کے مبینہ لاپتہ ہونے کی اطلاع موجود ہے، اصل صورتحال معلوم ہونے کے بعد ہی کچحھ کہا جا سکتا ہے۔