اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج نہ انصاف ہورہا ہے اور نا ہی انصاف ہوتا نظر آرہا ہے،آج ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی ہے، سی پیک پر کام عملی طور پر رک چکا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، احتساب کے نام پر انتقام کا سلسلہ جاری ہے، جو سوالات ہم سے کیے جاتے ہیں وہ باقیوں سے کیوں نہیں ہوتے؟ کیا حکومت کا حساب لینے والا کوئی نہیں؟ آج پورے احتساب کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور دیکھیں کس نے کرپشن کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدالتیں ایک ویزے پر لوگوں کو نااہل قرار دیتی ہیں لیکن وہ آج خاموش کیوں ہیں، وہ کون تھا جو براڈ شیٹ کے مالک کاوے موسوی سے ملا، احتساب کا ادارہ سمجھا جانے والا آج خود قابل احتساب ہے، آج نیب سے کوئی پوچھنے والا نہیں، نیب ملک میں سیاست کو ناکام اور بدنام کرنے کا طریقہ ہے، براڈ شیٹ معاملے میں سابق صدر پرویز مشرف کا نام بھی آتاہے، ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیب 20 سال سے براڈ شیٹ کا معاملہ چلا رہی ہے،براڈشیٹ تو صرف ایک کیس ہے، ایسے کئی کیس نیب کی ناانصافیوں کی داستان ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here