کراچی: صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا، ملک کے دیگر شہروں کی فضا بھی آلودہ قرار پائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا، آلودہ ترین شہروں میں لاہور پانچویں نمبر پر آگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں پاکستان کی فضا آلودہ قرار دی گئی ہے۔
انڈیکس کے مطابق مختلف شہروں میں ہوا میں غیر صحت بخش ذرات کی تعداد 250 سے زائد ہے، فیصل آباد میں 290 غیر صحت بخش ذرات کی تعداد ریکارڈ کی گئی، کراچی میں 212، اسلام آباد میں 204 اور لاہور میں 203 غیر صحت بخش ذرات کی تعداد ریکارڈ ہوئی۔
خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس فضائی آلودگی میں موجود کیمیائی گیسز، کیمیائی اجزا، مٹی کے ذرات اور نہ نظر آنے والے ان کیمیائی ذرات کی مقدار ناپنے کا معیار ہے جنہیں پارٹیکیولیٹ میٹر کہا جاتا ہے۔