اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم آج تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے لیے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی۔

ایک ٹی وی نیوز کے مطابق حزب اختلاف کی بڑی اتحادی جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تحریک انصاف کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے جاری فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کے لیے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کررہی ہے۔ احتجاج کی سربراہی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے جب کہ احتجاج میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت مریم نواز اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قیادت راجا پرویز اشرف کریں گے۔

اپوزیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق مولانا فضل الرحمان پشاور موڑ سے احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے براستہ سری نگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک پہنچیں گے، مریم نواز راولپنڈی کے نوازشریف پارک سے ریلی کی قیادت کریں گی اور براستہ مری روڈ سرینا چوک جائیں گی۔ جہاں سے تمام قائدین ایک کنٹینر پر سوار ہو کر شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوں گے اور الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔

حکومت نے پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دے دی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ تنبیہ بھی کی ہے کہ اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here