کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں بھی جماعت نہم سے بارہویں تک کی کلاسز کا آغاز 18 جنوری سے جبکہ باقی مانندہ کلاسز کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ جمعہ کی صبح این سی او سی کے اجلاس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں پہلے فیز میں تعلیمی ادارے کلاس نہم سے بارہویں تک 18 جنوری سے کھول دئیے جائیں جبکہ پرائمری سے آٹھویں تک اور جامعات یکم فروری کو کھولیں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں کوووڈ کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق و صوبوں نے چھوٹے بچوں کی کلاسز کو 18 جنوری کو پہلے فیز سے مشروط کیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ یکم فروری سے قبل ایک بار پھر کوووڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد یکم فروری کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں کوووڈ کی صورتحال میں بہتری ہو تاکہ ہم تمام کلاسز کو شروع کرسکیں۔