لاہور: عامر اوروقار یونس میں ٹویٹر پر جنگ چھڑ گئی،ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر بولنگ کوچ کا تبصرہ محمد عامر کو ایک آنکھ نہ بھایا، سابق کپتان نے کہا کہ پیسر کام کے بوجھ کی وجہ سے باہر ہوئے نہ کرکٹ چھوڑی، لیگز کھیل تو رہے ہیں، جواب میں عامر نے کہا کہ وجہ سرکار وقار یونس صاحب ہی بتا سکتے ہیں، اللہ ایسی سوچ رکھنے والوں کو ہدایت دے۔

سوشل میڈیا پر یہ بیان جاری کرتے ہی دلچسپ تبصرے شروع ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوئنز ٹاؤن سے ویڈیو کال پر پاکستانی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ محمد عامر کام کے بوجھ کی وجہ سے باہر ہوئے یا انھوں نے کرکٹ چھوڑدی ہے، پیسر وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس میں تو ان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، انھیں میں نے حال ہی میں ایک ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلتے ہوئے دیکھا ہے،اس میں کام کے بوجھ والی کوئی بات نہیں،ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑنا ان کا ذاتی مسئلہ تھا۔ سوشل میڈیا پر وقار یونس کی یہ بات منظر عام پر آئی، صحافی شعیب جٹ نے وقار یونس کا بیان ٹویٹ کیاکہ محمد عامر نے کام کے دباؤکی وجہ سے ریڈ بال کرکٹ نہیں چھوڑی،ساتھ ہی پیسر سے وجہ بھی پوچھ لی۔

اس کا ٹویٹر پر ہی جواب دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ پھر یہ سرکار وقار یونس صاحب ہی بتا سکتے ہیں،اللہ ہدایت دے انھیں جو ایسی سوچ رکھتے ہیں، یاد رہے کہ دورۂ نیوزی لینڈ کیلیے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر بھی جب محمد عامر سے پوچھا گیا تو انھوں نے چیف سلیکٹر کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہاکہ مصباح الحق صاحب ہی بتا سکتے ہیں،بہرحال ٹیم گرین شرٹس کیلیے نیک خواہشات ہیں۔یاد رہے کہ محمد عامر کو زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز سے ڈراپ کردیا گیا تھا،اس کے بعد دورۂ نیوزی لینڈ کیلیے بھی اسکواڈ میں انھیں شامل نہیں کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here