ایبٹ آباد: نوید اکرم عباسی
قومی وطن پارٹی کے چیئرمین پی ڈی ایم کے مرکزی رہنماء سابق وزیر اعلی آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ مقررہ تاریخ پر ضرور ہوگا ،حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے، افغانستان میں قیام امن کے لئے دو طرفہ مذاکرات لائق تحسین ہیں ان کو کامیاب بنانے کے لئے امن کا قیام ضروری ہے تاکہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہو سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد نواز جدون کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پولٹیکل سیکرٹری حنیف شاہ،صدر پریس کلب عامر شہزاد جدون ناظم یونین کونسل میرپور شوکت ہارون خان ،رضا محمد خان ،تحصیل صدر قومی وطن پارٹی سہیل خان ، ارشد خان ودیگر بھی موجود تھے، آفتاب احمد خان شیر پاؤ کا کہنا تھا موجودہ حکومت کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے، تمام اپوزیشن کی جماعتوں نے اس کے وجود کو ملک کی تعمیرو ترقی اور ساکھ کا دشمن قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے احتجاجی تحریک شروع کر رکھی ہے اور پشاور ،ملتان کے کامیاب جلسوں کے بعد حکومت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور وزیر اعظم عمران خان اور ترجمانوں کی فوج آئے روز ایسے غیر زمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں جو عوامی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بیروز گاری اور بدامنی سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے قبل ہی عوام کو موجودہ حکومت سے چھٹکارہ حاصل ہو جائے گا ،آفتاب احمد خان شیر پاؤ کا کہنا تھا مہنگائی ختم کرنے کے لئے چینی کی قیمت 20روپے کم کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے جس کو 50روپے کلو تک لانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے،انتخابی عمل میں فوج کا کردار نہیں ہونا چاہئے 2018 کے انتخابات میں فوج کی پولنگ اسٹیشن پر موجودگی پر سیاسی جماعتوں نے نکتہ چینی کی ،اور فارم 45 پر بھی بڑے اعتراضات اٹھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مڈٹرم انتخابات کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حکومت کو تسلیم ہی نہیں کرتے کہ ان سے مڈ ٹرم انتخابات کا مطالبہ کر سکیں، وزیر اعظم عمران خان کا یو ٹرن لینے میں کوئی ثانی نہیں ہے،موٹر وے پر جتنے یو ٹرن ہیں ان کو عمرانی یوٹرن سے منسوب کیا جائے،آفتاب احمد خان کا کہنا تھا شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو مکمل بااختیار بنایا جائے اور کسی دوسرے ادارے کا کوئی عمل دخل نہ ہو۔
انہوں نے افغانستان میں حکومت سازی اور امن آمان کے قیام کے حوالہ سے کہا کہ دونوں گروپس کے درمیان مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے تاہم اس کی کامیابی کے لئے دو طرفہ عمل درآمد کو ممکن بنایا جائے تاکہ افغانستان میں حکومت سازی کا عمل بہتر طور پر سر انجام پا سکے۔ انہوں نے ضلع ایبٹ آباد کے پارٹی عہدیداروں کو ہدایت کہ تنظیم سازی کو مکمل کر کے پارٹی کو فعال بنا ئیں ،قبل ازیں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان سے ان کے نانا حاجی علی اکبر جدون کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور گہرے دکھ کا ظہار کرکے مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔