لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز سے متعلق علی امین گنڈاپور کے الفاظ پر تحفظات ہوسکتے ہیں، لیکن سوچ پر ان کے ساتھ ہوں۔

فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں مزار اقبال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں، دونوں رہنماؤں کی شکست دیوار پر لکھی گئی ہے، یہ آنے والی شکست کا واویلا کرکے عوام کو بےوقوف بنا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں بلاول اور مریم نواز اپنی رسوائی کا منظر دیکھیں گے، گلگت بلتستان کےعوام انہیں خود صوبہ بدر کریں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن مہم میں مریم نواز زہر اگل رہی ہیں، کوئی بھی محب وطن ن لیگ کے بیانیے کو قبول کرسکتا ہےنہ ہی اس کے ساتھ کھڑا ہوسکتاہے، راجہ کماری اور ان کی کنیزیں اداروں پر حملے کررہی ہیں، وہ ظل سبہانی کو خوش کرنے کے لیے جو الفاظ استعمال کررہی ہیں اس پر بھی نظرثانی کرنی چاہیے، ہم اپنے اداروں اور قومی سلامتی کے ساتھ کھڑے ہیں، اداروں پر حملے کے بیانیے کو کوئی غیرت مند قبول نہیں کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنی حرکتوں پر غور کریں، وہ اپنے الفاظ سے افواج پاکستان کو متنازع بنارہی ہیں، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور میرے ساتھی ہیں، ان کے الفاظ کے چناؤ پر اعتراض ہے جو شاید مناسب نہیں تھا، ردعمل میں ہوسکتا ہے کہ امین گنڈا پور کے مریم سے متعلق الفاظ غلط ہوں مگر نظریات ٹھیک ہیں۔

واضح رہے کہ امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مریم نواز خوبصورت ہیں لیکن انہوں نے خود کو خوبصورت بنانے کے لیے نواز شریف کی دو حکومتوں میں عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے کروڑوں روپے کی سرجریاں کرائی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here