شہدادکوٹ (رپورٹر آفتاب راجپوت ) شہدادکوٹ اے سیکشن تھانہ کی حدود میں قبضہ مافیا کے مسلح افراد نے ڈگری کالج کے سینئر پروفیسر اور سگا کے مرکزی رہنماء پروفیسر عبدالجبار جونیجو پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ زخمی کو مقامی ہسپتال میں طبی امدا دیکر مزید علاج کیلئے لاڑکانہ لے جایا گیا۔
واقعہ کے خلاف کالج اساتذہ اور شہری رہنماوں کا تھانے کے سامنے اور مین چوک پر احتجاجی مطاہرہ اور دھرنا۔تفصیلات کے مطابق ڈگری کالج کے سینئر پروفیسر اور سگا کے مرکزی رہنماءپروفیسر عبدالجبار جونیجو کالج میں فرائض انجام دینے کے بعد واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ مین دوست علی روڈ پر واقع سلطان کھاوڑ پیٹرول پمپ کے قریب پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ہو ئے ایک درجن کے قریب مسلح افراد نے ان پر حملہ کردیا اور لاٹھیاں پسٹل کے بٹ اور ہنٹر مار کر اس کو لہولہان کردیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دئے۔
مسلح افراد شدید زخمی کرنے کے بعد اس کو سنگین دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔اطلاع ملنے پر شہریوں اور علاقے کے لوگوں نے زخمی پروفیسر کو ہسپتال پہنچایا ۔جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے پلاٹ کے تنازعہ پر ان سمیت دیگر پروفیسر س کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیا دی جا رہی تھیں جبکہاس سے قبل مذکورہ قبضہ مافیا نے کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر احمد نواز کنگو کو بھی اسی مقام پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا جہاں ان پر حملہ کیا گیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ قبضہ مافیا کالج کی ارضی پر حملہ کرنا چاہتے ہیں جس کا عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے جبکہ تمام شہری اس قبضے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ارضی کالج کی ملکیت ہے یہ ان کا ذاتی معاملہ نہیں ہے تاہم کالج کا حصہ ہونے کی وجہ سے وہ ہر جدوجہد میں شامل رہتے ہیں۔دوسری جانب ڈی ایس پی یار محمد رند اور ایس ایچ او اختر ابڑو نے بھی زخمی پروفیسر سے ملاقات کرکے واقعہ کے متعلق معلومات لی اور انہیں یقین دلایا کہ ملزمان کو ہر صورت میں قانون کی گرفت میں لاکر قرا ر واقعی سزا دی جائے گی۔
رابطہ کرنے پر تھانے کے ہیڈ محرر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر زخمی پروفیسر کو میڈیکل لیٹر جاری کیا گیا ہے اور جیسے ہیں وہ آئیں گے باضابطہ مقدمہ درج کرکے مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناء پروفیسر عبدالجبار جونیجو پر حملے کی طلاع ملنے پر کالج کے لیکچررس کے ساتھ سیکنڈری و پرائمری اساتذہ اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد تھانے کے سامنے جمع کرکے مظاہرہ کیا بعدا ازاں انہوں نے مین چوک پر دھرنا بھی دیا جہاں رہنماوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔