حیدر آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا الائنس صرف ذاتی مفادات کو تحفظ دینے، چوریاں چھپانے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے بنایا گیا ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ماضی میں بجلی کے حوالے سے جو بھی غلط معاہدے ہوئے وہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے کئے۔ سندھ میں نئے ذخائر دریافت نہ کئے جانے کی وجہ سے گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔
سرکٹ ہاؤس حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان میں گیس کی قلت ہے اور ایل این جی کے ذریعے اس کو پورا کر رہے ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں گیس کے نئے ذخائر دریافت نہ کئے جانے کی وجہ سے تیزی سے گیس ختم ہو رہی ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت دیگر اداروں کو کرپشن کرکے ختم کر دیا۔ ہماری حکومت آنے کے بعد جو ہمیں حالات ملے وہ بہت خراب تھے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی حکومتوں نے ماضی میں اتنے قرضے لئے جو 70 سال میں نہیں لئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو مسلم لیگ (ن) نے خزانے میں صرف ہفتے کے زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑے تھے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب روپے تھا۔ بجلی کے حوالے سے ان حکومتوں نے جو معاہدے کئے ان میں کرپشن کی گئی۔ شمسی توانائی کے جو معاہدے ہم نے ساڑھے 6 روپے یونٹ میں کئے، وہی معاہدے نواز شریف دور میں 18 سے 24 روپے یونٹ میں کئے تھے۔ ہماری حکومت نے آکر کرپشن کو ختم کیا۔