اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کو بری کردیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے، عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی ہے جب کہ کیس کےدیگر ملزمان پر 12 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
جبکہ عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان جن میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، اور علیم خان سمیت دیگر شامل ہیں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے پی ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بولا تھا۔
جس میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سمیت کم و بیش 70 افراد کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں پارلیمنٹ ہاؤس، پی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملوں اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سرکاری وکیل اس سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان کی بریت کی حمایت کر چکے ہیں، عدالت نے گزشتہ سماعت پر پارلیمنٹ حملہ کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، اس سے قبل عدالت وزیراعظم عمران خان کو ایس ایس پی تشدد کیس میں بھی بری کر چکی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here