لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا، 128 اضلاع میں 3 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے، جو یکم نومبر تک جاری رہے گی۔
نیشنل کوآرڈی نیٹر برائے انسداد پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا صفدر کے مطابق انسداد پولیو کے حوالے سے قومی مہم کے دوران پنجاب کے 33 اضلاع، بلوچستان کے 33 اور سندھ کے 41 اضلاع میں 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے 8، آزاد جموں و کشمیر کے 10 اضلاع میں بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی، خیبرپختونخوا کے ایک ضلع میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی۔
نیشنل کوآرڈی نیٹر برائے انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اس مہم میں 2 لاکھ 10 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر مجموعی طور پر 3 کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گے، انسداد پولیو مہم کے فرنٹ لائن ورکرز اصل ہیروز ہیں۔