اسٹاف رپورٹ
لاہور: حکومت پنجاب نے خیبرپختونخواہ، گلگت اور پرانے فاٹا کے طلبہ و طلبات کیلئے چار سالہ اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کردیا۔ بائیس ہزار نئی اسکالرشپ دی جائیں گی۔
یہ اعلان آج گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنرہائوس میں متعلقہ صوبوں سے تعلق رکھنے والے ملاقات کے دوران کیا۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان، خیبرپختونخواہ، گلگت اور سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے وہ طلبہ طالبات جو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، فیس ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے واپس نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب چارسالہ اسکالرشپ پروگرام جاری کر رہی ہے جس کے تحت ۲۲ ہزار نئے طلبہ طالبات کو اسکالرشپس دی جائیں گی۔ ان میں ۱۲ ہزار کو سو فیصد اسکالرشپ، ۱۸ ہزار کو پچاس فیصد دی جائیں گی۔ جو اس وقت بلوچستان کے طلبہ طالبات کو اسکالرشپس ہیں وہ برقرار رہیں گی۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے طلبہ نے پنجاب کی طرف سے اسکالرشپس بند کئے جانے کے خلاف بلوچستان سے لانگ مارچ شروع کیا ہوا تھا جو کل لاہور پہنچے تھے۔