ممبئی: ہائیکورٹ نے آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کی ضمانت منظور کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ خودکشی کیس سے منسلک منشیات کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا جو تقریباً ایک ماہ جیل میں رہیں جس کے بعد اب ممبئی ہائیکورٹ نے ان کی مشروط ضمانت منظور کی ہے جب کہ عدالت نے ریا کے بھائی شووک کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اسی کیس میں مقامی عدالت نے گزشتہ روز ریا چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اکتوبر تک توسیع کی تھی تاہم اب انہیں ہائیکورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ملازمین دپیش ساونت اور سیمیول میراندا کی بھی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلی گئی ہیں۔

اداکارہ ریا چکرورتی کے وکیل نے اپنی مؤکلہ کی ضمانت کو سچ اور انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلآخر حقائق اور قانونی نکات کو عدالت نے تسلیم کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے ضمانت کے عوض ریا چکرورتی کو ایک لاکھ روپے بطور بانڈ جمع کرانے اور رہائی کے بعد روزانہ 10 روز قریبی پولیس اسٹیشن میں حاضری لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ اداکارہ کو اپنا پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور وہ عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here