اسٹاف رپورٹ

کراچی: پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلہ میں سندھ اورپنجاب میں جلسوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے،چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبرکوکراچی،30 نومبرکوملتان اور27 دسمبرکولاڑکانہ میں جلسے کرنے کی منظوری دے دی ہےبلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملک سے عمران خان کے ظلم کے راج کا خاتمہ کرے گی ۔بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی زیرصدارت اجلاس میں پی ڈی ایم کے تحت ملک بھر میں احتجاجی تحریک کے حوالے سے جلسوں اور ریلیوں کا جائزہ لیا گیا اورپیپلزپارٹی نے اپنی میزبانی میں تین بڑے جلسوں کے حوالے سے شیڈول کوحتمی شکل دی۔اجلاس میں سینئر پی پی پی رہنما اور پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر راجہ پرویز اشرف نے ویڈیولنک کے ذریعہ شرکت کی جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،پیپلزپارٹی سندھ کےصدرنثارکھوڑو،وقار مہدی، عاجز دھامرا، سعید غنی، ناصر شاہ، اویس شاہ، جام خان شورو دیگرشریک ہوئے۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی ڈی ایم کے تحت 18 اکتوبر کو یوم شہدائے کارسازکے جلسہ کی تیاریوں سے متعلق لائحہ عمل تیارکیا گیا،بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر کو کراچی میں یوم شہدائے کارساز کے پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے پی ڈی ایم میں شریک تمام جماعتوں سے اظہار تشکرکیا انہوں نے 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے پروگرام کے انعقاد اور 30 نومبر کو ملتان میں پی پی پی کے یوم تاسیس کے پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے بھی پی ڈی ایم میں شریک تمام جماعتوں سے اظہار تشکرکیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس سے ملک میں ایک نئی عوامی مزاحمتی تحریک کی ابتداء ہوئی ہے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ عوام دشمن کٹھ پتلی سرکار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی اوریہ تحریک ملک سے عمران خان کے ظلم کے راج کا خاتمہ کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here