ممبئی: بھارتی گلوکار سونونگم نے پاکستانی گلوکار سجاد علی کو قابل عزت اور اپنا پسندیدہ گلوکار قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ گزارے گئے خوش گوار لمحات کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
سونو نگم نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر سجاد علی کے ساتھ چند تصاویر شیئر کیں اور ان تصاویر پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر 19 مارچ کو لی گئی تھیں جب عدیل فاروق ہمیں عاطف علی کے اسٹوڈیو کا جائزہ لینے کے لیے لے کر گئے تھے۔ اتفاق سے وہاں سب سے زیادہ قابل احترام گلوکارو موسیقار اور میرے سب سے زیادہ پسندیدہ سجاد علی بھائی بھی اپنے بیٹے کے ہمراہ موجود تھے۔
سونو نگم نے سجاد علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سجاد علی کی یہ بات بہت اچھی لگی کہ وہ وہاں ہمارا انتظار کررہے تھے تاکہ ہم پہلی بار ملاقات کرسکیں۔ ہم لوگوں نے وہاں ڈیڑھ گھنٹے تک باتیں کیں۔ میں اس شام کی چند یادگار تصاویر آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کررہاہوں۔