لندن: جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے عائد کئے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، میرے متعلق کہانی گھڑ کے ایک خود ساختہ کیس بنایا گیا، اس کیس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے طلبی کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیش کا مقصد چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ معلوم کرنا تھا جبکہ اس کے بر عکس بے سرو پا الزامات لگا کر مجھے ایف آئی اے طلب کیا جا رہا ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ان الزامات کا چینی کی قیمت سے کوئی تعلق ہی نہیں جن کارپوریٹ ٹرانزایکشنز کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں وہ آج سے کئی سال پرانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سالوں پہلے کی گئی ٹرانزیکشنز کا چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کیا تعلق ہے؟ علی ترین کا جے ڈی ڈبلیو انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں، وہ موجودہ بورڈ کا ممبر ہے اور نہ ہی کبھی ماضی میں کسی عہدے پر فائز رہا۔ کیس سے متعلق میرا مکمل موقف اور تفصیلات جلد ایف آئی اے کو جمع کرا دی جائیں گی۔