سی سی پی او لاہور شیخ عمر نے موٹر وے واقعے سے متعلق متنازع بیان پر معافی مانگ لی۔
لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر گجر پورہ کے قریب دو افراد ایک خاتون کو گاڑی خراب ہونے پر شیشے توڑ کر زبردستی جنگل میں لے گئے تھے، دونوں ملزمان نے خاتون کو ناصرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے بچوں کے سامنے جنسی زیادتی بھی کی۔
اس واقع پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ خاتون کو موٹر وے پر چڑھنے سے پہلے پیٹرول چیک کرنا چاہیے تھا اور رات کے وقت بغیر کسی مرد کے سفر نہیں کرنا چاہیے تھا۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا ہے، عوام اور سیاستدانوں کی جانب سے عمر شیخ کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے بھی سی سی پی او کے بیان پر حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تاہم اب سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے اپنے متنازع بیان پر معافی مانگ لی ہے۔