اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بدحالی عروج پر، خواتین کی عزتیں بھی محفوظ نہیں، ذمہ دار بہانے تراش رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈٰیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے، معیشت زیرو سے نیچے چلی گئی۔ جب تک یہ سلیکٹڈ اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے والے موجود ہیں، پاکستان اور اکانومی محفوظ نہیں ہے۔
موٹروے زیادتی واقعے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں ہے۔ شرم آتی ہے کہ ایسے واقعات کو دیکھ کر بھی ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ عبرت کا نشان بن جائیں۔