عمرکوٹ( اسپیشل رپورٹ اے بی آریسر ) جہاں پورا ملک جشن آزادی کے رنگوں میں رنگا ہے وہاں عمرکوٹ کے ہندؤں نے بھی اپنے وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی کیلئے مندروں میں پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا اور کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے اپنے بھگوان سے انکی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔ تفصیلات کےمطابق اس پرچم کے سائےتلےہم ایک ہیں ہم ایک ہیں ان لائینز پر پورا اترتےہوئے پاکستانی غیرمسلم کمیونٹی بھی یوم آزادی بڑےجوش و جذبےکےساتھ منارہی ہے۔ 14 اگست کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے عمرکوٹ کے مختلف مندروں میں ہندو برادری کیجانب سے پاکستان کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی پوجا پاٹھ کا اہتمام کیا گیا۔

عمرکوٹ کےجانی داس بھیل محلہ میں جہاں پر بھیل برداری نے اپنے وطن عزیز پاکستان سے محبت کا کھلا ثبوت دیا اور ساتھ ہی دنیا کو یہ پیغام پہنچایا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کےلوگ سبزحلالی پرچم کےسائےتلے ایک ہیں۔ اس موقع پر روزنامہ میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے ہندو نوجوان بھیمراج بھیل،سماجی رہنما میرچند بھیل،کیول رام خوشحال داس بھگت چیتن داس سمیت دیگر نے بتایا کہ ہم غیرمسلم پاکستانی اپنے وطن عزیز سبزحلالی پرچم تلے خوش اور آزاد ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مذہبی تہوار آج کے دن کی طرح ہی آزادانہ ماحول میں منائے جاتے ہیں. انکا کہناتھاکہ پاکستانی عوام اور افواج کےساتھ ساتھ صوبائی و وفاقی حکومتیں ہمارے حقوق کا تحفظ کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب بھارت اپنے اقلیتی عوام اور خاص طور پر مسلمانوں پر بےانتہا ظلم ڈھا رہاہے اس سے اسکو باز آنا چاہیئے، ہندو برادری کیجانب سے اپنے بھگوان شو اور ماتارانی سے پراتھنا کرتےہوئے کہاکہ بھارتی جارحیت کی زد میں آئے کشمیری بھائیوں کو جلد سے جلد آزادی نصیب ہو اور وہ بھی ہماری طرح آزادانہ ماحول میں سانس لےسکیں سماجی رہنماوں کا کہناتھاکہ جس طرح عمرکوٹ سمیت پورے ملک میں میں بسنےوالی ہندو برادری یا دیگر اقلیتی برادریوں نے اپنے وطن پاکستان سے کھلی محبت کا اظہار کیا ہے یہ دنیا اور خاص طور پر بھارت کیلئے یہ پیغام ہے کہ یہ ملک نہ صرف اکثریتی مسلمانوں کا ہے بلکہ اقلیتوں کا بھی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here