اسلام آباد: شبلی فراز نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں اداروں کو مضبوط کریں، لوگ آتے جاتے رہتے ہیں مگر ادارے رہتے ہیں، ملکی مفاد پر مخالفت اور سیاسی تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا نمائش کا مقصد نئی نسل میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، نمائش سے قیام پاکستان کی جدوجہد سے متعلق نئی نسل کو آگاہی ملے گی، نایاب تصاویر جدوجہد آزادی کو نمایاں کرتی ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا آزادی ایک عظیم نعمت ہے، پاکستان کو اقوام عالم میں خود انحصار قوم کے طور پر ابھرنا ہوگا، حکومت معاشی اور سماجی ترقی کیلئے کوشاں ہے، حکومت نے نئے پاکستان کا وژن دے کر خود کو عوامی ترقی کیلئے وقف کر دیا۔