اسٹاف رپورٹ
کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر اور جی ڈی اے کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے کہ کراچی سندھ کا کیپیٹل ہے اور کیپیٹل رہے گا۔
سندھ کی جغرافیائی حدود میں کسی قسم کی تبدیلی ہمیں قابل قبول نہیں سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا۔ ہم سندھ کی کسی بھی صورت میں تقسیم پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ سندھ صوبے پر سب سے زیادہ حق ہمارا ہے اور نام نہاد حق جتانے والوں نے اسے صرف اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا ہے۔
عید الاضحیٰ پر پارٹی رہنماؤں اور وفود سے ملاقات میں سید صدر الدین شاھ راشدی نے انکشاف کیا لوٹ مار کرنے والے اور قبضہ گروپ اپنی آخری اننگ کھیل چکے ہیں۔
نہیں معلوم کب حضرت عزرائیل علیہ السلام سندھ کے وسائل لوٹنے والوں پر سور پھونک دیں۔ سندھ اب ان محفوظ ہاتھوں میں رہے گا جو نیک نیتی کے ساتھ سندھ کی خدمت کریں گے۔ ان کی منزل حکمرانی اور لوٹ کھسوٹ نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہو گی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم جہاں سے گذر رہے ہیں بھیج پگارا کا نعرہ لگ رہا ہے۔
کوئی بچہ بھی جیے بھٹو کا نعرہ نہیں لگا رہا کیونکہ سب کو معلوم ہے یہ بھٹو کی نہیں قبضہ گروپ کی پارٹی ہے۔ یہ اب حاکم علی زرداری کے بیٹے کی پارٹی بن چکی ہے جسے کہتے ہیں "زرداری لیگ کھاؤ پیؤ اور پھوٹو گروپ”۔