وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پیز) پر عمل کریں اور احتیاط کے ساتھ عید منائیں۔
پشاور میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں واضح کمی نظر آرہی ہے اور اموات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو محنت کی گئی اس کا نتیجہ نظر آرہا ہے لیکن وبا ابھی تک پورے پاکستان میں موجود ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قربانی سنت ہے اور ہر صاحبِ حیثیت شخص چاہتا ہے کہ وہ قربانی کرے، یہ ہم سب کا حق ہے اور فرض بھی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ دین نے ہمیں سبق دیا ہے کہ خود کی اور دوسروں کی صحت، روزگار کا خیال رکھنا اور ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے دوسروں کو کوئی نقصان پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ اس لیے بہت ضروری ہے کہ ہم سادگی کے ساتھ عید منائیں اور اس طرح قربانی کریں کہ وبا کے پھیلاؤ میں تیزی نہ آئے۔