ممبئی: بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا بچن کو سانس کی تکلیف کے سبب اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ملکہ حسن اور بچن خاندان کی بہو 46 سالہ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی 8 سالہ بیٹی آرادھیا بچن کو گزشتہ روز ممبئی کے نانا وتی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، دونوں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ماں بیٹی کو سانس لینے میں دشواری کے سبب اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ان کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے کی تصدیق کی ہے۔
تاہم اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی حالت ٹھیک ہے۔
یاد رہے کہ ایشوریا رائے کے سسر امیتابھ بچن اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ادھر بی ایم سی نے بچن فیملی کے تین گھر بھی سیل کر دیئے ہیں۔