کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق تاجر برادری سے سندھ اسمبلی بلڈنگ جہاں انہوں نے ان سے ملاقات کی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4215 ٹیسٹ کیے گئے اور 4215 ٹیسٹ میں 709 نئے کیسز سامنے آئے جو ٹیسٹ کا 17 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک 91323 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں سے 11480 کیسز مثبت آئے ہیں۔ اس اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرہ پیچوہو، سعید غنی، امتیاز شیخ، ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، میئر کراچی وسیم اختر، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، سیکریٹری داخلہ عثمان چاچڑ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام بنی میمن، تاجر رہنما قاسم سراج تیلی اور دیگر تاجروں کی تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ تکلیف دہ بات ہے کہ آج مزید 9 مریض انتقال کرگئے اور اس وقت تک مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 189 ہوگئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس وقت 9210 مریض زیر علاج ہیں، ان سے گھروں میں 7973 جبکہ آئیسولیشن مراکز میں 684 اور اسپتالوں میں 553 مریض ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 99 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 26 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج 61 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں اور صحتیاب ہونے والے مجموعی مریضوں کی تعداد 2081 ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بھر کے 709 کیسز میں سے کراچی میں 548 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے آگاہی دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ضلع ملیر میں 152، ضلع جنوبی کراچی میں145 ، ضلع وسطی کراچی میں 87 ، ضلع شرقی کراچی میں 81، ضلع غربی 54 اورکورنگی میں 29 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ حیدر آباد میں 29، جیکب آباد میں 19، شکارپور میں 16، گھوٹکی میں 12، سانگھڑ اور نوشہرو فیروزمیں 11-11، سکھر میں 6، لاڑکانہ میں 5، شہید بینظیر آباد میں 4، جامشورو اور خیرپور میں 3-3، ٹنڈوالہیار میں 2 مزید کیسز سامنے آئے ۔
وزیراعلیٰ سندھ نےتاجروں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان بھر میں سندھ ٹیسٹنگ آبادی کے حساب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جہاں تک صوبوں کی آبادی کا تعلق ہے تو سندھ ہر دن سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے حالانکہ ہم صرف مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ میں شرح اموات بھی کے پی کے اور پنجاب سے کم ہے جسے انہوں نے لاک ڈاؤن کا نتیجہ قرار دیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام قرنطینہ میں مشتبہ افراد کی جانچ کی جارہی ہے اور ہماری قرنطینہ سہولیات سب سے بہتر ہیں جس کی گنجائش 14000 سے زیادہ کمروں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس انتہائی اہم نگہداشت کے کیسز ہیں جن کا استعمال کیسز میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہو رہا ہے۔