جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے، انتقامی کارروائی کیوں ؟ وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے۔

بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں، 3 مقدمات درج ہیں، ایک سال سے چپ ہوں، ظلم بڑھتا جا رہا ہے، ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا، میں پوچھتا ہوں آخراس کی وجہ کیا ہے ؟ میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں، میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دئیے گئے، اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ، کون کر رہا ہے ؟ وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کو بے نقاب کیا جائے، تحریک انصاف میں شامل ہوں اور رہوں گا، میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئی ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ ریاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے۔ نقصان تحریک انصاف کو پہنچ رہا ہے۔

راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

 واضح رہےکہ شوگر ملز میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے میں بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اوران کے صاحبزادے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 10 اپریل تک توسیع کر دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here